ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / پی یو سی دوم میں بھٹکل کی دو طالبات نے ضلع بھر میں حاصل کیا اول اور دوم مقام؛ انجمن کی شاندار کامیابیوں کا سلسلہ جاری

پی یو سی دوم میں بھٹکل کی دو طالبات نے ضلع بھر میں حاصل کیا اول اور دوم مقام؛ انجمن کی شاندار کامیابیوں کا سلسلہ جاری

Tue, 11 Jul 2017 21:04:29    S.O. News Service

بھٹکل:11/جولائی (ایس اونیوز) مارچ 2017میں اعلان کئے گئے پی یوسی دوم کے نتائج میں کچھ طلبا و طالبات کی جانب سے اپنے جوابی پرچوں کی دوبارہ جانچ کرائے جانے کے بعدانجمن پی یوکالج فار ویمن کی شعبہ آرٹس کی ایک طالبہ نے پورے ضلع اُترکنڑا میں اول مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں،اس کے ساتھ ہی انجمن کو اس بار شعبہ آرٹس میں اول اور دوم دونوں رینک حاصل ہوگیا ہے۔ اس سے پہلے ضلع کے تین اسٹوڈینٹس اول مقام پر تھے، اب وہ تینوں سکینڈ رینک پر چلے گئے ہیں۔ 

اُترکنڑا پی یوکے محکمہ تعلیمات کے دفتر سے جاری کردہ ضلع بھر کی رینکنگ لسٹ کے مطابق انجمن پی یو کالج فار ویمن بھٹکل شعبہ آرٹس کی طالبہ مریم حنین بنت محمد ارشادپیشمام نے جملہ 600 میں 568 مارکس حاصل کرتے ہوئے ضلع بھر میں ٹاپ کیا ہے۔ اور ان کی کامیابی کا اوسط 94.66 فی صد درج کیا گیاہے۔ لسٹ کے مطابق انجمن پی یو کالج فور ویمن بھٹکل کی عائشہ عروج بنت محمد عرفان عجائب نے 566 مارکس کے ساتھ پورے ضلع میں دوسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں جن کی کامیابی کا اوسط 94.33 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ان کے ساتھ ساتھ گورنمیٹ پی یو کالج کاروار کے اومکار سنتوش پاوسکر اور گورنمیٹ پی یو کالج ہیری گُتّی کی انکیتا پربھاکر نائیک بھی566 مارکس کے ساتھ ضلع بھر میں دوسرے مقام پر ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جب پی یو سی بورڈ کی جانب سے نتائج کا اعلان ہوا تھا تو مریم حُنین کو جملہ 562 مارکس حاصل ہوئے تھے، اپنے مارکس سے غیر مطمئن مریم حُنین نے دوبارہ پرچوں کی جانچ کی عرضی دی تو جملہ 6 زائد مارکس حاصل ہوگئے، جس کے ساتھ ہی وہ پورے ضلع اُترکنڑا میں ٹاپ پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں۔

انجمن کی دونوں طالبات کے ضلع بھر میں اول اور دوم رینک حاصل کرنے پر کالج پرنسپال فرزانہ محتشم نے انہیں مبارکبادپیش کی ہیں اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انجمن صدر جناب عبدالرحیم جوکاکو، جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، ایڈیشنل سکریٹری اسحاق شاہ بندری سمیت دیگر عہدیداران اور کالج ٹیچنگ اسٹاف نے بھی اس موقع پر دونوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے میدان میں مزید نمایاں کامیابیوں کے لئے نیک تمناوں کا اظہارکیا ہے۔

واضح رہے کہ انجمن گرلز ہائی اسکول اور پی یو کالج سمیت انجمن ڈگری کالج فور ویمن کی طالبات نہ صرف تعلقہ اور ضلع بھر میں بہترین نمبرات سے کامیاب ہورہی ہیں، بلکہ یہاں کی طالبات یونیورسٹی لیول پر بھی ٹاپ ٹین میں کئی رینک حاصل کرتے ہوئے پورے بھٹکل کا نام روشن کررہی ہیں۔


Share: